نئی دہلی پیٹ کے درد کو عموماً ہم نظرانداز کر دیتے ہیں اور معمولی دوا یا گھریلو ٹوٹکوں پر ہی اکتفا کیے رہتے ہیں مگر بسااوقات پیٹ کا درد بھی کسی بڑے مرض کی طرف اشارہ کر رہا ہوتا ہے۔ ایسے ہی بھارت میں ایک 51سالہ خاتون مناتی مونڈل کے پیٹ میں بھی گزشتہ دو ماہ سے تکلیف ہو رہی تھی اور وہ دوائی کھا رہی تھیں لیکن جب دو ماہ بعد بھی تکلیف رفع نہ ہوئی بلکہ بڑھتی گئی تو اس کا شوہر اسے کلکتہ کے دبدوت سیویاں ہسپتال میں لے گیا جہاں ڈاکٹروں نے مناتی کے ٹیسٹ کیے۔ ٹیسٹ کے نتائج دیکھ کر ڈاکٹر حیران رہ گئے۔ خاتون کے پتے میں 11ہزار950چھوٹی چھوٹی پتھریاں موجود تھیں جو اس تکلیف کا باعث بن رہی تھیں۔
ڈاکٹروں نے طویل آپریشن کے ذریعے خاتون کے پتے سے تمام پتھریاںنکال دیں۔ آپریشن کرنے والے ڈاکٹر مکھن لالا سہا کا کہنا ہے کہ خاتون کے پتے سے نکلنے والی پتھریاں کولیسٹرول اور نمک کی بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں خاتون کے پتے میں اتنی زیادہ پتھریاں دیکھ کر حیران ہو گیا۔ ٹیسٹ میں ہمیں کچھ اندازہ ہواتھا کہ پتے میں زیادہ پتھریاں ہیں مگر اتنی زیادہ تعداد کی توقع نہیں تھی۔ جب آپریشن کے دوران پتھریوں کی تعداد 5ہزار سے تجاوز کی تو ہم واقعی پریشان تھے کہ اتنی پتھریاں کیسے بن گئیں۔
ڈاکٹر سہا نے بتایا کہ پتھریوں کا سائز 2ملی میٹر سے 5ملی میٹر تک تھا اور میرے تمام معاونین کو انہیں گننے میں 4گھنٹے لگے۔ اس سے قبل بھی میں ایک ایسا آپریشن کر چکا ہوں۔ اس لڑکی کے پتے سے 1ہزار 110پتھریاں نکلی تھیں۔میں اس وقت سمجھ رہا تھا کہ یہ ریکارڈ کوئی نہیں توڑ سکے گا مگر اس خاتون کے پتے سے نکلنے والی پتھریوں نے اس کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا ہے۔ اس خاتون مناتی مونڈل کو دو روز قبل ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے اور وہ اپنے گھر میں روبہ صحت ہے۔
