دمشق (مانیٹرنگ ڈیسک) شدت پسند تنظیم داعش پہلے ہی چین کے ایک شہری کو اغوا کرنے کے بعد ہلاک کرچکی ہے اور اب اس نے چین کو سخت مشتعل کرنے والا ایک اور اقدام کرتے ہوئے تائیوان کو ایک آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرلیا ہے۔
امریکی ٹی وی سی این بی سی کے مطابق داعش نے اپنی ایک تازہ ترین ویڈیو میں ان ممالک کے پرچم دکھائے ہیں کہ جنہیں یہ تنظیم اپنا دشمن تصور کرتی ہے۔ ان پرچموں میں تائیوان کا پرچم بھی
شامل ہے، جسے چین آزاد ریاست تسلیم نہیں کرتا بلکہ اپنا حصہ قرار دیتا ہے۔
تائیوان کی سنٹرل نیوز ایجنسی نے داعش کی طرف سے تائیوان کو اچانک تسلیم کئے جانے کو امریکی صدر باراک اوباما کے گزشتہ ہفتے ایک بیان سے ملتا جلتا قرار دیا، جس میں امریکی صدر نے تائیوان کو داعش کے خلاف اتحاد میں شامل ایشیا پیسفک کا ملک قرار دیا تھا۔
تائیوان اپنی آزاد حیثیت منوانے کے لئے گزشتہ کئی دہائیوں سے کوشاں ہے لیکن داعش نے اسے آناً فاناً ہی ایک آزاد ملک کا درجہ دے دیا ، البتہ اس اعزاز پر تائیوان کو خوشی کی بجائے شدید پریشانی لاحق ہو گئی ہے۔ داعش کی دھمکی کے بعد تائیوان میں سیکیورٹی کے انتظامات سخت ترین کردئیے گئے ہیں۔
