Latest News

آسٹریلیا نے زخمی مچل سٹارک کی جگہ فیلڈنگ کیلئے ٹیم کے ’مساج تھراپسٹ‘ کو میدان میں بھیج دیا


ایڈیلیڈ  کرکٹ میچ میں کسی کھلاڑی کا زخمی ہو جانا اور فیلڈنگ کیلئے اس کے متبادل کھلاڑی کو گراﺅنڈ میں بلانا تو کوئی نئی بات نہیں ہے لیکن ٹیسٹ کرکٹ کی 138 سالہ تاریخ میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جہاں پہلا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیل کر نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں وہیں آسٹریلین ٹیم نے ایسا اقدام کر ڈالا کہ اس میچ کو مزید یادگار بنا دیا۔ 
تفصیلات کے مطابق ایڈیلیڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں آسٹریلین باﺅلر مچل سٹارک زخمی ہو گئے تو ان کی جگہ فیلڈنگ کیلئے متبادل کھلاڑی کی ضرورت پڑی تو آسٹریلیا نے کسی کھلاڑی کے بجائے اپنی ٹیم کے ”مساج تھراپسٹ“ گرانٹ بیلڈوین کو میدان میں بھیج دیا۔ آسٹریلین ٹیم کے فیصلے پر بیلڈون خوشی خوشی میدان میں آئے لیکن شائقین سے بھرے سٹیڈیم اور انٹرنیشنل میچ کا پریشر برداشت نہ کر پائے اور فیلڈنگ کے دوران ان کی بوکھلاہٹ کمنٹیٹرز کی توجہ کا مرکز بن گئی اور یوں آسٹریلیا کے ”مساج تھراپسٹ“ کے بارے میں پوری دنیا ہی جان گئی۔ کھیل کے دوسرے روز کے اختتام پر آسٹریلوی ٹیم نے اعلان کیا کہ اب وہ گرانٹ بیلڈوین کو متبادل فیلڈر کے طور پر استعمال نہیں کریں گے اور ان کی جگہ یہ ذمہ داری ساﺅتھ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی ”سیم رافیل“ کو سونپ دی گئی ہے۔ 
28 سالہ بیلڈوین آسٹریلین ٹیم منیجر گیون ڈووی کے اسسٹنٹ بھی ہیں جنہیں کھیل کے افتتاحی روز کے دوسرے سیشن میں مچل سٹارک کے زخمی ہونے کے بعد متبادل فیلڈر کے طور پر میدان میں بھیجا گیا تھا۔ بیلڈوین 2006 سے 2008ءکے درمیان وکٹوریہ کی سیکنڈ الیون کیلئے کھیل چکے ہیں اور آسٹریلیا کے فیلڈنگ سیشنز میں باقاعدگی سے شرکت بھی کرتے ہیں۔ ٹیم انتظامیہ کے مطابق بیلڈون کو متبادل کے طور پر بھیجنے کا فیصلہ اس لئے کیا گیا کیونکہ آسٹریلین کھلاڑی جیمز پیٹنسن اور سٹیون او کیف کو اپنی علاقائی ٹیموں اور شیفیلڈ شیلڈ کے میچ میں شرکت کیلئے بھیجا گیا تھا اور آسٹریلین ٹیم کے پاس صرف دو ہی آپشنز تھی کہ وہ یا تو وہ سیکنڈ سٹیٹ کے کسی کھلاڑی کو فیلڈنگ کیلئے بھیجتے یا پھر بیلڈوین کو، اور انہوں نے بیلڈوین کو بھیجنے کافیصلہ کر لیا۔ ایک فزیو تھراپسٹ کو انٹرنیشنل میچ میں فیلڈنگ کیلئے بھیجنے کافیصلہ درست ہے یا نہیں؟ لیکن اس تاریخی میچ کے اس ”تاریخی“ واقعے کو برسوں یاد رکھا جائے گا اور خود فزیو تھراپسٹ بھی شائد ہی اسے بھول پائیں۔

Pakistan Times Designed by Templateism.com Copyright © 2014

Theme images by Bim. Powered by Blogger.